غزہ کے لئے امدادی بحری بیڑے پر پھر صیہونی حکومت نے ڈرون حملہ کیا
غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد پہنچانے کے مقصد سے تشکیل پانے والے صمود بحری بیڑے کے ایک اور جہاز میں نئے ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: بدھ کی علی الصبح شمالی تیونس کی بندرگاہ سیدی بو سعید میں صمود کے بحری بیڑے کے ایک بڑے بحری جہاز پر آگ لگانے والے ڈرون سے حملہ کیا گیا، جس سے جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔رپورٹ کے مطابق صمود فلیٹ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے اور جہاز کے عرشےپر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ادھر الجزیرہ نے اطلاع دی ہے کہ شمالی تیونس میں سیدی بو سعید کی بندرگاہ کے آسمان پر ایک اور ڈرون کا مشاہدہ کیا گیا ہے، جہاں صمود کے بحری جہاز تعینات ہیں۔
خبر رساں ذرائع نے منگل کی صبح بھی اطلاع دی تھی کہ عالمی صمود بحری بیڑے میں شامل ایک بڑے رکن بحری جہاز "فیملی" پر تیونس کی بندرگاہ سیدی بو سعید میں ڈرون سے حملہ کیا گیا جس سے اس کے کچھ حصوں میں آگ لگ گئی۔
غزہ کے امدادی قافلے کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ حملے کے بعد مزید بحری جہاز تیونس کی بندرگاہوں میں داخل نہ ہوں ۔
دریں اثناء العربی نیٹ ورک نے موقع پر موجود اپنے نمائندے سے براہ راست رابطہ کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی بحری ناکہ بندی کو توڑنے اور غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد پہنچانے کے مقصد سے تشکیل پانے والا بین الاقوامی "صمود" فلوٹیلا اب سیدی بو سعید بندرگاہ پر جمع ہو رہا ہے اور غزہ کی طرف حرکت کرنے کے لئے تیار ہے۔