حریت رہنما کی کشمیری عوام سے استقامت کی اپیل
کشمیر میں حریت کانفرنس کے سینیئر رہنما نے کشمیری عوام سے ہندوستانی سیکورٹی فورسز کے حملوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے
حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نے ہندوستان کی مرکزی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور اس علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندوستان نے تمام بین الاقوامی قوانین اور کشمیریوں کے بارے میں ریفرنڈم کرانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے-
حریت کانفرنس کے سینیئر رہنما نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام کو اپنی جدوجہد جاری رکھنا چاہئے - ہندوستان کی مرکزی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور اس علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے حالیہ فیصلے سے کشمیر کے حالات خراب ہوگئے ہیں-
حکومت ہندوستان کے اس فیصلے سے نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے جس کے بعد پاکستان نے ہندوستان کے اس اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح کو کم کردیا ہے اور نئی دہلی کے ساتھ سبھی تجارتی تعلقات معطل کردئے ہیں ۔ کشمیریوں نے ہندوستانی حکومت کے فیصلے کو اپنے خلاف اعلان جنگ قراردیا ہے -