فضائی حدود کی بندش پرہندوستان نے کیا پاکستان سے احتجاج
ہندوستان نے صدر رام ناتھ کووند کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کرنے کے پاکستان کی حکومت کے فیصلے پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اس ملک کے صدررام ناتھ کووند کے لئے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی منظوری نہ دینے کے پاکستان حکومت کے فیصلے پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہمیں پاکستان حکومت کے اس فیصلے پر افسوس ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی صدر رام ناتھ کووند کو 8 ستمبر کو آئس لینڈ جانا تھا۔ ہندوستان نے صدرکے لیے پاکستان سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی تاہم پاکستان نے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا اور ہندوستانی صدر کے طیارے کے لئے کلیرنس نہیں دی۔
اس حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستانی صدر کو پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دی جارہی اس لئے کہ ہندوستان نے گزشتہ 34 روز سے کشمیریوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کررکھا ہے، ہم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور نہایت محتاط طریقے سے مسئلے کو اٹھایا لیکن ہندوستانی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے فرانس پہنچا تھا جس کی اجازت پاکستان کی جانب سے باقائدہ دی گئی تھی۔