اقوام متحدہ میں تبدیلی اور اصلاح کی ضرورت: نریندرمودی
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ طاقتور ممالک سمجھتے ہیں کہ وہ کسی بھی اصول کی پیروی نہیں کریں گے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی عرب میں فیوچر انویسٹمنٹ انسٹیٹیوٹ فورم کے تیسرے اجلاس سے خطاب کے دوران عالمی طاقتوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ نئے اور ترقی یافتہ دور میں اصول کی بہت اہمیت ہے۔
نریندر مودی نے اقوام متحدہ میں جلد ہی بڑے اور قابل ذکر تبدیلی اور اصلاح کئے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی توقع کے مطابق اقوام متحدہ بدقسمتی سے اصول پر مبنی اور غیرجانبدرانہ ادارہ کے طور پر ابھر نہیں سکا۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں عالمی بحران کی ایک وجہ یہ ہے کہ بہت سے طاقتور ممالک سمجھتے ہیں کہ وہ کسی بھی اصول کی پیروی نہیں کریں گے جبکہ کئی ایسے ممالک بھی ہیں جن پر قوانین کی بنیاد پر دباؤ پیدا ہوتا ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کے روز سعودی عرب کے دورے کے دوران اردن کے شاہ عبداللہ بن الحسین سے ملاقات کرکے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ پی ایم مودی نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ شاہ عبداللہ سے ریاض میں ملاقات کے دوران ہندوستان اور اردن کے مابین تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔