Nov ۱۰, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • پاک و ھند کے تعلقات معمول پر آنے کی امید ہے: منموہن سنگھ

ہندوستان کے سابق وزیراعظم اور کانگریس کے رہنما منموہن سنگھ، ہندوستانی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ، رکن پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان میں منعقدہ کرتار پور راہداری کی تقریب میں شرکت کی۔

سکھ کمیونٹی کے لیے تاریخی دن کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد ہندوستان کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ہندوستان روانہ ہوئے جہاں انہوں نے ہندوستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی شروعات ہے، ہندوستان اور پاکستان کے مابین تعلقات میں اگرچہ اتار چڑھاؤ ہے مگر میں امید کرتا ہوں کہ یہ حالات نارمل کرنے کے لیے بہت اچھی شروعات ہے۔

واضح رہے کہ کل کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر سکھ مت کے بانی بابا گرونانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے ہندوستان سمیت دنیا بھر سے سیکڑوں سکھ یاتری  پاکستان پہنچے، ہندوستان سے کوریڈور کے راستے 550 سے زائد یاتریوں کا جتھہ گوردوارہ دربار صاحب پہنچا۔ جتھے میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ، ہندوستانی پنجاب کے وزیراعلی امریندر سنگھ، وفاقی وزیر ہرسمرت کور بادل اور ہردیپ پوری، گرداس پور پارلیمانی حلقہ سے رکن لوک سبھا سنی دیول سمیت متعدد ممبران پارلیمان اور اراکینِ اسمبلی شامل ہیں جب کہ واہگہ بارڈر سے آنے والے سکھ یاتریوں اور میڈیا نمائندے بھی کرتارپور گئے تھے۔

ٹیگس