ہندوستان میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف مظاہرے جاری
ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے خلاف مظاہروں کے دوران کانگریس نے آج دہلی میں راج گھاٹ پر دھرنا دیا ہے-
ہندوستانی میڈیا کے مطابق سی اے اے اور این آر سی کے خلاف دہلی کے راج گھاٹ پر کانگریس کا دھرنا جاری ہے جس میں راہل گاندھی ، پرینکا گاندھی کمل ناتھ اور غلام نبی آزاد جیسے بہت سے سینیئر کانگریسی لیڈر موجود ہیں - راج گھاٹ پر کانگریس کے دھرنے میں عام لوگوں کو شامل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
کانگریس نے سی اے اے اور این آرسی کو ملک توڑنے والا کالا قانون بتاتے ہوئے دونوں ہی قانون کے خلاف تحریک جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے - راہل گاندھی نے پورے ملک کے یونیورسٹی طلبا سے کہا ہے کہ آئین بچانے کے لئے آپ اپنی تحریک جاری رکھئے -
دہلی کے راج گھاٹ پر جاری دھرنے میں کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہیں کل رات بھی دہلی کے جنتر منتر پر عوامی مظاہرے ہوئے تھے جبکہ کولکتہ سمیت کئی دیگر علاقوں میں آج بھی سی اے اے اور این آرسی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں -