Jul ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۵:۳۴ Asia/Tehran
  • مہاراشٹر پر ہندوستان کی سپریم کورٹ کا از خود نوٹس

ہندوستانی سپریم کورٹ نے ریاست مہاراشٹر کے مہاجر مزدوروں کی حالت زار کا از خود نوٹس لے لیا۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستانی سپریم کورٹ نے کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے مہاراشٹر میں دوسری ریاستوں کے مہاجر مزدوروں کے مسائل اور حالت زار پر جمعرات کو مہاراشٹر حکومت پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو مہاجر مزدوروں کے حالات کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی عدالت عظمی نے سالیسیٹر جنرل کو ہدایت دی ہے کہ وہ مہاراشٹر حکومت کو سمجھائیں اور ریاست میں واپسی کا انتظار کرنے والے مہاجر مزدوروں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات عدالت کو دستیاب کرائیں۔
عدالت عظمی نے کہا کہ یہ کسی حکومت کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے لیکن مسائل کے تعلق سے معلومات فراہم کرنا اور ان کا حل پیش کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ حلف نامہ داخل کراکے مہاجر مزدوروں کے بارے میں حقیقی مسائل سے آگاہ کرے۔
یاد رہے کہ دوسری ریاستوں میں کام کرنے والے مہاجر مزدوروں کے بارے میں قانون دانوں اور قانونی ماہرین کی جانب سے آواز اٹھائے جانے پر ہندوستانی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ سبھی ریاستوں کو احکامات جاری کئے تھے کہ پندرہ دن کے اندر اپنے یہاں پھنسے مہاجر مزدوروں کو ان کے مطلوبہ مقامات پر روانہ کیا جائے اور ان سے کوئی کرایہ نہ لیا جائے۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

 

ٹیگس