ریاست تامل ناڈو میں آتش بازی کا کارخانہ نذر آتش، درجنوں ہلاک و زخمی
ہندوستان کی ریاست تامل ناڈو میں آتش بازی کے ایک کارخانے میں آگ لگ جانے سے کم سے کم سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
ہندوستانی خبررساں اداروں کے مطابق تامل ناڈو کے ضلع ویردھ نگر کے ایک گاؤں میں پٹاخہ فیکٹری میں جمعے کی دو پہر اچانک آگ لگ گئی جس کے بعد متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ آگ لگنے سے فیکٹری میں ہونے والے دھماکوں کی آوازیں دو کلومیٹر دور تک سنی گئیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی جلی ہوئی لاشیں فیکٹری کےاحاطے میں بکھری دیکھی گئیں ہیں۔ سرکاری ذرائع نے سات ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حادثے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔بعض ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد گیارہ بتائی ہے۔
سرکاری تفتیشی اداروں نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آگ کسی کیمیکل سے لگی ہے۔