ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اپنی اعلی ترین سطح پر برقرار
ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اپنی اعلی ترین سطح پر برقرار ہیں۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع نے ملک کی معروف آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ قومی دارالحکومت دہلی میں سنیچر کو بھی پیٹرول کی قیمت چورانوے روپے چھہتر پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت پچاسی روپے چھیاسٹھ پیسے فی لیٹر کی اعلی ترین سطح پر برقرار رہی ۔
اس رپورٹ کے مطابق دوسرے شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ممبئی میں پیٹرول سو روپے اٹھانوے پیسے فی لیٹر اور ڈیزل بانوے روپے ننانوے پیسے فی لیٹر کی اعلی ترین سطح پر فروخت ہوا۔ کولکتہ میں پیٹرول چورانوے روپے چھہتر پیسے فی لیٹر اور ڈیزل اٹھاسی روپے اکیاون پیسے فی لیٹر رہا جبکہ چنئی میں پیٹرول کی قیمت چھیانوے روپے تیئس پیسے اور ڈیزل کی قیمت نوے روپے اڑتیس پیسے فی لیٹر رہی۔
دوسری طرف ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں یوتھ کانگریس نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافے کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے پیٹرول اور ڈیزل پر بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بی وی نے کہا کہ کورونا کی وبا کے ساتھ ہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا کے ملک کا معاشی بحران شدید تر کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک طرف تو کورونا کی وبا نے عوام کی معیشت تباہ کردی ہے تو دوسری طرف پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔
یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بی وی نے کہا کہ جب بھارتیہ جنتا پارٹی اپوزیشن میں تھی تو پیٹرل اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافے پر بھی سڑکوں پر آکر احتجاج کرتی تھی، آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے لیکن بی جے پی خاموش بیٹھی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں گزشتہ چار مئی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہوا ہے۔ اس درمیان اٹھارہ دن قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ پندرہ دن قیمتیں اپنی جگہ پر برقرار رہیں۔