وکیلوں کی ہڑتال روکنے کے ضوابط کی تیاری
بار کونسل آف انڈیا ایسے اصول و ضوابط تیار کررہی ہے جس کے ذریعے وکیلوں کی ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ روکا جاسکے ۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ، بار کونسل آف انڈیا کے چیئر مین اور سینیئر وکیل منن کمار مشرا نے جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل، دورکنی بینچ کو بتایا کہ بی سی آئی نے ملک کی سبھی بار کونسلوں کے ساتھ مل کر وکیلوں کی ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ روکنے کے لئے ضروری اصول وضوابط تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی سپریم کورٹ نے وکیلوں کی ہڑتال اور عدالتوں کے بائیکاٹ کے خلاف از خود نوٹس لیا ہے اور اس نوٹس پر مقدمے کی سماعت مذکورہ دو رکنی بینچ کو سونپی ہے۔
منن کمار مشرا ایڈو کیٹ نے بینچ کو بتایا کہ اس سلسلے میں ملک کی سبھی بار کونسلوں کے عہدیداروں کے ساتھ بی سی آئی کی ایک میٹنگ ہوچکی ہے ۔
بی سی آئی کے چیئر مین نے عدالت کو بتایا کہ ایسے وکیلوں کے خلاف کارروائی کے لئے ضروری اصول و ضوابط تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جو کسی مناسب سبب کے بغیر ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بار کونسل آف انڈیا کے اس موقف کے بعد عدالت نے یہ کہتے ہوئے سماعت ملتوی کردی کہ بی سی آئی خود اس معاملے پر کام کررہی ہے۔