Jan ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • عوام کی نظریں اترپردیش انتخابات پر

ہندوستانی عوام کی نظریں اترپردیش انتخابات پر مرکوز ہو گئیں اس لئے کہ کہا جا رہا ہے کہ اترپردیش میں انتخابات کے نتائج چونکانے والے ہوں گے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر سچن پائلٹ نے اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی بہتر پوزیشن رہنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں چونکا دینے والے انتخابی نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔

پائلٹ نے ایک پریس کانفرنس میں اپنے اس دعوے کو ثابت کرنے کے لیے دلیل دی کہ اتر پردیش میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی قیادت میں پارٹی عوام کے مسائل پر سڑکوں پر لڑ رہی ہے۔ جبکہ ریاست کی اہم اپوزیشن جماعتیں غیر حاضر رہی ہیں۔

ادھراتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بدھ کی رات امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کی، جس میں علی گڑھ سیٹ سے مکتا راجا کا واحد نام شامل ہے۔

پارٹی نے اس سے قبل پہلی فہرست میں 107 سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا، جس میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو گورکھپور اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کو سراتھو اسمبلی سے ٹکٹ دیا گیا تھا۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں اپنی اتحادی جماعتوں اپنا دل اور نشاد پارٹی کے ساتھ اتحاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔ بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس پرمہر ثبت کر تے ہوئے کہا اترپردیش میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اپنے اتحادیوں، اپنا دل اور نشاد پارٹی کے ساتھ مل کر ریاست کی تمام 403 سیٹوں پر اسمبلی انتخابات لڑے گی۔

اس اعلان کے وقت اپنا دل لیڈر اور مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل اور نشاد پارٹی کے صدر سنجے نشاد بھی مسٹر نڈا کے ساتھ موجود تھے۔

ٹیگس