Jul ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • کانگریس پارٹی کی بی جے پی سے وضاحت طلب

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے اودے پور بہیمانہ قتل کے اہم ملزم کے ساتھ روابط کے تعلق سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے وضاحت طلب کی ہے۔

نئی دہلی سے ہندوستان کے سرکاری خبررساں ادارے یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے پارٹی ہیڈکواٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ادوے پور قتل کیس کے اہم ملزم کے دو بی جے پی لیڈروں کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پارٹی قیادت کو وضاحت پیش کرنا چاہئے ۔

انھوں نے بتایا کہ ایک میڈیا گروپ نے انکشاف کیا ہے کہ اودے پور ہولناک قتل کے اہم ملزم ریاض عطاری کے دو بی جے پی لیڈروں، ارشاد چین والا اور محمد طاہر سے تعلقات تھے ۔

انھوں نے کہا کہ ان دونوں لیڈروں کے ساتھ ملزم ریاض عطاری کی تصویریں جگ ظاہر ہیں ۔

پون کھیڑا نے کہا کہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ریاض عطاری اکثر راجستھان بی جے پی کے بڑے لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر داخلہ گلاب چند کٹاریہ کے پروگراموں میں شرکت کرتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ملزم ریاض عطاری نے چند روز قبل ادوے پور میں کنہیا لال نامی ایک ہندو درزی کو قتل کرکے اس کی ویڈیو خود ہی وائرل کی تھی ۔

اس کا کہنا تھا کہ اس نے کنہیا لال کا سر اس لئے کاٹا ہے کہ اس نے رسول اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں نوپر شرما کے بیان کی حمایت کی تھی ۔اس بہیمانہ قتل کی ہندوستانی مسلمانوں کے سبھی مذہبی اور سیاسی رہنماؤں نے سخت مذمت کی ہے ۔

ہندوستانی مسلمانوں کے سبھی طبقات نے اودے پور قتل کے منحرف انتہا پسندوں کو سخت ترین سزا دیئے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس