بڑھتی مہنگائی پر کانگریس پارٹی کے رہنما سیاہ پوش ہوگئے
کانگریس پارٹی کے رہنماؤں نے مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف جمعے کو کالے کپڑے پہن کر ایوان صدر راشٹرپتی بھون تک احتجاجی مارچ نکالا۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مارچ میں کانگریس صدر سونیا گیاندھی، سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری ، اور ایم پی راجیہ سبھا دگ وجے سنگھ سمیت اہم رہنماؤں نے حصہ لیا ۔ سبھی اہم کانگریسی رہنماؤں نے احتجاجا کالے کپڑے پہن رکھے تھے ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ایوان صدر راشٹرپتی بھون کا گھیراؤ روکنے کے لئے پولیس نے کانگریسی رہنماؤں اور کارکنوں کو راستے میں ہی روک کر بہت سے کانگریسی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔
احتجاجی ریلی سے قبل کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج ملک میں جمہوریت دم توڑ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک نے ستر سال میں جو کمایا تھا وہ مودی حکومت کے آٹھ برس میں ختم ہوگیا اور اب صرف چار لوگوں کی آمریت چل رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بی جے پی حکومت کی سماج کو تقسیم کرنے کی پالیسیوں ، مہنگائی اور بے روزگاری پر بحث کا مطالبہ کررہی ہے لیکن اس کے اراکین کو ایوان میں بولنے نہیں دیا جارہا ہے ۔ انھوں کہا کہ ملک کے مفاد عامہ کے تمام اداروں پر بقول ان کے ایک نظریئے کا قبضہ ہوگیا ہے اور اب کانگریس کی لڑائی سیاسی پارٹی سے نہیں بلکہ اس نظریئے سے ہے جو اس سیاسی پارٹی کو پروان چڑھا رہی ہے۔