غلام نبی آزاد کانگریس سے مستعفی، اپنی الگ پارٹی بنانے کا اعلان
ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے سینیئرلیڈر غلام نبی آزاد نے پانچ عشروں تک کانگریس میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد کانگریس سے استعفا دے دیا ہے
ہندوستان کی بڑی سیاسی جماعت کانگریس سے مستعفی ہونے والے سینیئر رہنما غلام نبی آزاد نے پارٹی کی کارگزار صدر سونیا گاندھی کے نام ا پنے پانچ صفحات پر مشتمل خط میں راہل گاندھی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ دوہزار چودہ میں پارٹی کی ہار کے ذمہ دار راہل گاندھی تھے - انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ راہل گاندھی کی وجہ سے پارٹی کے سینیئر اور تجربہ کار لیڈروں کو کنارے لگا دیا گیا اور بقول ان کے چاپلوسوں کو آگے بڑھایا گیا - تاہم غلام نبی آزاد نے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی سے لے کر سونیا گاندھی تک گاندھی خاندان سےقریبی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے سونیا گاندھی کی قائدانہ صلاحیت کی تعریف کی -
کانگریس پارٹی سے استعفا دینے کے بعد غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ وہ جموں کشمیر میں اپنی ایک نئی پارٹی بنائیں گے انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ قومی سیاست سے علاقائی سیاست میں لوٹ رہے ہیں - بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے تین برسوں سے اس طرح کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں - غلام نبی آزاد نے بی جے پی میں شمولیت کی تردید ایک ایسے وقت کی ہے جب جموں کشمیر میں بی جے پی کے صدر نے انہیں مرکز میں برسراقتدار حکمراں جماعت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔