Sep ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  •  دہلی میں شراب کے خلاف خواتین کا مظاہرہ

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں خواتین نے شراب کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی خواتین نے شراب کے خلاف یہ مظاہرہ اولڈ جے این یو کیمپس کے قریب بیرسرائے بازار میں کیا ۔ مظاہرہ کرنے والی خواتین نے اپنے ہاتھوں میں ایسی تختیاں اٹھارکھی تھیں جن پر شراب کا ٹھیکہ نہیں کھلے گا، اور شراب کی دکانیں بند کرو جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔

مظاہرہ کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے قریب شراب کی دکانیں کھولی جارہی ہیں ۔ مظاہرہ کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ بیرسرائے بازار میں کسی بھی حالت میں شراب کی دکان نہیں چلنے دی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں شراب کی دکان کھلنے سے تعلیم کا ماحول خراب ہوگا اور نوجوانوں میں شراب کی لت بڑھے گی۔

قابل ذکر ہے کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی اولڈ کیمپس کے سامنے بیر سرائے مارکیٹ میں زیادہ تر دکانیں کتابوں کی ہیں ۔ اس مارکیٹ میں مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لئے کتب دستیاب ہوتی ہیں اس لئے اس بازار میں طلبا و طالبات کا رش رہتا ہے جس میں دہلی کے ساتھ ہی دیگر پڑوسی ریاستوں کے طالبعلم بھی شامل ہوتے ہیں۔

ٹیگس