ہندوستان; ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری
ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جوشام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کی ریاست ہماچل پردیش کی 68 اسمبلی سیٹوں پر آج ہفتہ کو ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ۔ ریاست بھر میں 7884 رائے دہی مراکز بنائے گئے ہیں۔ ریاست میں مجموعی طور پر 412 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم مشین میں قید ہوگی۔ اسمبلی الیکشن کے نتائج 8 دسمبر کو آئیں گے۔
اس ریاست میں 55 ملین 92 ہزار 828 ووٹرز ہیں ۔ 2017 کے اسمبلی ریاستی الیکشن میں 75.57 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی، جو 2012 کے اسمبلی الیکشن میں 73.5 فیصد ووٹنگ سے زیادہ تھi۔
ہماچل پردیش کا اب تک کا ٹرینڈ رہا ہے کہ ہر الیکشن میں حکومت بدلتی ہے۔ یعنی برسراقتدار پارٹی کو ہار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے اس مرتبہ الیکشن انچارج میں بی جے پی نے نیا نعرہ دیا ہے، ’’راج نہیں، رواج بدلیں گے‘‘؛ یعنی حکومت نہیں، بلکہ پرانی روایت کو بدلیں گے۔
فی الحال، ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے اور جئے رام ٹھاکر وزیر اعلیٰ ہیں۔ اس سے پہلے 2012 میں کانگریس کی حکومت بنی تھی۔