دہلی میں بلدیاتی انتخابات کے لئے آج ووٹ ڈالے گئے
دہلی میں بلدیاتی انتخابات کے لئے آج ووٹ ڈالے گئے اس دوران رائے دہندگان میں خاصا جوش و خروش دیکھنے کو ملا ۔
سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایم سی ڈی کے الیکشن کے لئے اتوار کو صبح آٹھ بجے سے پولنگ شروع ہوئی جو اب سے ذرا دیر پہلے مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے ختم ہوگئی، ووٹنگ کے دوران ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
دہلی کے بلدیاتی الیکشن میں لوگ اپنے ایشو کے لئے ووٹ ڈال رہے ہیں خاص طور پر جمنا ندی کے کنارے آباد شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ووٹ ڈال رہے ہیں ووٹنگ کے دوران بچے اور سن رسیدہ لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ایم سی ڈی کے الیکشن میں جہاں عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے وہیں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے بھی اپنے حق رائے دہی کا بڑھ چڑھ کر استعمال کیا۔
اس درمیان دہلی کی دونوں بڑی حریف سیاسی جماعتوں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ ان کے ووٹروں کے نام ووٹرلیسٹ سے نکال دیئے گئے ہیں ۔
دہلی میونسپل کارپوریشن یا ایم سی ڈی پر بی جے پی کا قبضہ ہے اور عام آدمی پارٹی چاہتی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ بلدیاتی انتظامیہ پر بھی کنٹرول حاصل کرلے جبکہ بی جے پی ایم سی ڈی پر اپنا قبضہ دوبارہ برقرار رکھنا چاہتی ہے ۔
کورونا اور دہلی کے فسادات کے بعد دہلی میں یہ پہلے انتخابات ہیں ۔