Mar ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان، اپوزیشن کا سیاہ لباس، دونوں ایوانوں میں کارروائی معطل

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگاموں کے باعث بدھ کو بھی کارروائی معمول کے مطابق نہ چل سکی ۔

سحر نیوز/ دنیا: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین بدھ کو کالے لباس پہن کر ایوان میں داخل ہوئے ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین نے ہاتھوں میں تختیاں لیکر نعرے بازی شروع کردی ۔

اپوزیشن اراکین اڈانی معاملے پر مشترکہ پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کررہے تھے۔ اپوزیشن کے ہنگاموں اور نعرے بازی کے باعث کارروائی بارہ بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی ۔

رپورٹوں کے مطابق بارہ بجے کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو اپوزیشن اراکین کے ہنگاموں کے دوران وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کمپٹیشن امنڈمنٹ بل دو ہزار بائیس پیش کیا جس کو حکمراں اتحاد کے اراکین نے ہاتھ اٹھاکے پاس کردیا ۔ اس کے بعد حزب اختلاف کے اراکین کا ہنگامہ بڑھنے کے بعد کارروائی تین اپریل تک کے لئے ملتوی کردی گئی ۔

پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی اڈانی کی کمپنیوں میں سرکاری سرمایہ کاری کے معاملے پر کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے وقفہ صفر اور وقفہ سوالات نہ ہوسکا اور پورے دن کارروائی تعطل کا شکار رہی ۔

ٹیگس