Mar ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • جمہوریت ہندوستان کی قدیم ثقافت کا جذبہ: نریندر مودی

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی تیز رفتار ترقی کو جمہوری اقدار اور ثقافت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو جمہوریت کے موضوع پر دوسری عالمی سربراہی کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا کہ جمہوریت ہندوستان کی قدیم ثقافت کا جذبہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسی جذبے نے اج تمام تر عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان کو دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بنادیا ہے۔

نریندر مودی نے دعوی کیا کہ منتخب لیڈروں کا خیال قدیم ہندوستان میں باقی دنیا سے بہت پہلے عام بات تھی ۔ انھوں نے کہا کہ قدیم ہندوستان میں ریپبلیکن ریاستوں کے بہت سے تاریخی حوالے موجود ہیں جہاں ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت صرف ایک ڈھانچہ نہیں بلکہ یہ ایک روح ہے ۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت اس یقین پر مبنی ہے کہ ہر انسان کی ضروریات اور خواہشات یکساں اہمیت رکھتی ہیں ۔ نریندر مودی نے کہا کہ ان کا رہنما فلسفہ سب کا ساتھ اور سب کا وکاس یعنی سب کی ترقی ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے جمہوری اقدار اور جمہوری روح کی بات ایسی حالت میں کی ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں ان کی حکومت پر جمہوری اقدار کو پامال اور جمہوریت کا گلا گھونٹنے کا الزام لگاتی ہیں ۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا الزام ہے کہ مودی کی حکومت اپوزیشن کو دبانے کے لئے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے غلط استعمال سمیت ہر حربے سے کام لے رہی ہے ۔ اس سلسلےمیں کانگریسی رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی رکنیت کی منسوخی کو مودی حکومت کے جمہوریت مخالف اقدامات کی تازہ مثال قرار دیا جارہا ہے۔مسٹر مودی کے سب کا ساتھ اور سب کا وکاس کے سلوگن کے بارے میں بھی ان کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت کا عمل اس سلوگن کے بالکل برعکس ہے کیونکہ وہ صرف کارپوریٹ طبقے اور اپنے سرمایہ دار دوستوں کی ترقی کے لئے کام کرتی ہے۔

ٹیگس