May ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: دہلی یونیورسٹی کے نصاب سے علامہ اقبال سے متعلق باب ختم کئے جانے کی تیاری

ہندوستان میں دہلی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے نصاب سے علامہ اقبال سے متعلق ایک باب ختم کئے جانے کی تحریک منظور کرلی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ایک اہم ترین یونیورسٹی دہلی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی کے نصاب سے شاعر مشرق علامہ اقبال کے بارے میں ایک باب کو ختم کئے جانے کی تحریک جمعہ کو منظور کرلی۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل میں جمعہ کو "سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا" نغمہ کے خالق علامہ اقبال کے چیپٹر کو یونیورسٹی کے نصاب سے حذف کئے جانے کی تحریک پیش کی گئی جسے کونسل نے منظور کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق اکیڈمک کونسل کے ایک رکن نے بتایا کہ نصاب میں تبدیلی کے سلسلے میں ایک تحریک اکیڈمک کونسل میں پیش کی گئی جو سیاسات کے نصاب میں علامہ اقبال پر ایک باب کو حذف کئے جانے کے بارے میں تھی اور اس تحریک کو منظوری دے دی گئی۔ اب یہ معاملہ یورنیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل میں پیش کیا جائے گا جو اس سلسلے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ دہلی یونیورسٹی ہندوستان کی اہم ترین یونیورسٹیوں میں شامل ہے جو سنہ 1922 میں قائم کی گئی تھی۔ یہ یونیورسٹی دنیا کا ایک وسیع ترین یونیورسٹی نظام شمار ہوتی ہے۔ ہندوستان کی اہم شخصیات کے علاوہ بعض غیر ملکی اہم سیاسی شخصیات نے بھی دہلی یوینورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہے۔ پاکستان کے چھٹے صدر جنرل ضیاء الحق، نیپال کے سابق وزیر اعظم گرجا پرساد کوئرالا، بھوٹان کے دو سابق وزرائے اعظم، مالاوی کے تیسرے صدر اور میانمار کی سیاسی شخصیت آنگ سان سوچی دہلی یونیورسٹی کے تعلیم یافتگان میں شامل ہیں۔

ٹیگس