ہندوستان: مدھیہ پردیش وقف بورڈ میں پہلی بار غیر مسلم اراکین شامل
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i453742-ہندوستان_مدھیہ_پردیش_وقف_بورڈ_میں_پہلی_بار_غیر_مسلم_اراکین_شامل
ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش میں وقف بورڈ کی تشکیل نو ہوئی ہے اور بورڈ میں پہلی بار دو ہندو اراکین بھی شامل کیے گیے ہیں۔
(last modified 2026-07-08T09:22:22+00:00 )
Jul ۰۸, ۲۰۲۶ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مدھیہ پردیش وقف بورڈ میں پہلی بار غیر مسلم اراکین شامل

ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش میں وقف بورڈ کی تشکیل نو ہوئی ہے اور بورڈ میں پہلی بار دو ہندو اراکین بھی شامل کیے گیے ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں نئے ایکٹ کے تحت وقف بورڈ کی تشکیل نو کی گئی ہے جس میں پہلی بار غیر مسلموں کو داخلہ دیا گیا ہے۔

اس طرح کا اقدام کرنے کے سلسلے میں اب مدھیہ پردیش ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ یہ تشکیل نو وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے التزامات کے تحت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے 4 جولائی کو ہی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

مدھیہ پردیش گزٹ میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مدھیہ پردیش وقف بورڈ کے صدر سنور پٹیل ہوں گے اور بورڈ کے کل 10 اراکین ہوں گے، جن میں 2 ہندو اراکین منوج مالپانی اور انمیش بھارگو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے پرانے التزامات کے مطابق وقف بورڈ کے کچھ اراکین کو ریاستی حکومت نامزد کرتی تھی اور جو بھی رکن نامزد کیا جاتا تھا اس کا مسلم ہونا لازمی تھا۔ 2025 میں ریاستی حکومت نے اس قانون میں ترمیم کر کے کچھ اہم شقوں میں تبدیلی انجام دی ہے۔

اس تبدیلی کے بعد وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے التزامات کے تحت سبھی ریاستوں میں کم از کم 2 غیر مسلم ممبران کا بورڈ میں ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel