ایران میں قومی مواصلاتی سیٹیلائٹ کی تیاری
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمود واعظی نے کہا ہے کہ ایران مستقبل قریب میں قومی مواصلاتی سیٹیلائٹ بنائے گا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمود واعظی نے خلائی شعبے میں ایران کے دو منصوبوں کی وضاحت کرتے ہوئے بدھ کے دن کہا کہ آئندہ تین برسوں کے دوران قومی مواصلاتی سیٹیلائٹ بنا لیا جائے گا۔ محمود واعظی نے ریموٹ سینسنگ سیٹیلائٹ کی تیاری کو ایران کا دوسرا منصوبہ قرار دیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ یہ قومی مواصلاتی سیٹیلائٹ زمین کے مدار میں بھیجا جائے گا۔ محمود واعظی کا مزید کہنا تھا کہ مختلف کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ معاہدہ طے پانے کے بعد تقریبا تین برسوں تک یہ مواصلاتی سیٹیلائٹ لانچ کر دیا جائے گا۔