ایران نے جنگ کے بادل چھانٹ دیئے ہیں۔ صدرحسن روحانی
Aug ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ تہران نے مذاکرات کے ذریعے جنگ کے بادل چھانٹ کرحقیقی امن بحال کردیا ہے
رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے صوبہ ہمدان کے عوام کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم اورتہذیب یافتہ قومیں جانتی ہیں کہ ایران اسلامی میں بہادرایرانی رہتے ہیں- ایران کے صدرنے کہا کہ دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کے ساتھ ایران کے بہادراوردلیرسفارت کاروں نے تیئیس مہینوں تک مذاکرات کے بعد، عوام کے سر سے جنگ کے منحوس خطرات ٹال دیئے اور حقیقی امن بحال کر دیا-
ایران کے صدر حسن روحانی نے ہفتہ حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایران مخالف قراردادوں کو جہاں سے وہ جاری ہوئی تھیں وہیں سے منسوخ کرا دیا اور یہ بہت بڑا افتخار ہے جو ایرانی سفارت کاروں و جاں نثاروں سمیت قوم کی استقامت و پائیداری اوررہبرانقلاب اسلامی کی ہدایات کا نتیجہ ہے-
صدرحسن روحانی نے مزید کہا کہ ملت ایران کی استقامت کے احترام میں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد دوہزار دو سو اکتیس کے مطابق ایران کو نہ صرف یورینیئم کی افزودگی کا حق حاصل ہوگیا ہے بلکہ تمام بڑے ممالک، ایٹمی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایران کی مزید پیشرفت میں مدد کرنے کے پابند ہیں-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حکومت ایران کی یہ کامیابی قابل فخر ہے تاکید کے ساتھ کہا کہ دنیا میں بہت کم ایسے ممالک ہیں جو سلامتی کونسل کی قرار داد پر عمل درآمد سے پہلے ہی اسے منسوخ کرانے اور جدید قرار دادوں کے ذریعے اپنے مسلمہ حقوق منوانے میں کامیاب ہوتے ہیں -
صدر حسن روحانی نے کہا کہ مستقبل قریب میں ظالمانہ پابندیاں منسوخ ہوجانے کے بعد ملت ایران، پائیدارترقی کرے گی اور نہایت تیزی سے حقیقی پیشرفت کی جانب آگے بڑھے گی-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی ہفتہ حکومت کے دوسرے دن منگل کو مغربی ایران کے شہرہمدان کے دورے پرہیں-