ایران چین کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے: علی اکبرصالحی
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۴ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے ایٹمی میدان میں چین کے ساتھ تعاون میں توسیع کی ضرورت پر تاکید کی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے بدھ کے دن چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچنے کے بعد ارنا کے ساتھ گفتگو کے دوران ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کے دوران چین کے مثبت کردار کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ایران چین کے ساتھ ایٹمی میدان میں باہمی تعاون میں توسیع کے لئے تیار ہے۔علی اکبر صالحی نے کہا کہ چینی حکام کے ساتھ ملاقات میں اراک کے بھاری پانی کے ری ایکٹر کے سلسلے میں پوری سنجیدگی کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ چھوٹے کثیر المقاصد بجلی گھروں کے سلسلے میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ علی اکبر صالحی بدھ کے دن چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایک اعلی سطحی وفد بھی چین گیا ہے جس میں ایٹمی توانائی کے ادارے کے اعلی حکام شامل ہیں۔ علی اکبر صالحی اپنے اس تین روزہ دورے میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سمیت اس ملک کے اعلی حکام سے ملاقات کریں گے۔