ایران اور چین ایٹمی تعاون کو فروغ دیں گے
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
ایران اور چین کے ایٹمی توانائی کے اداروں کے سربراہوں نے پر امن ایٹمی تعاون کی توسیع پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی اور چین کی جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ "شوجادا" نے بدھ کے روز بیجنگ میں جامع ایکشن پلان پر علمدرآمد، اور پر امن ایٹمی توانائی کے استعمال کے حوالے سے تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔علی اکبر صالحی اور شو جادا نے اسی طرح تمام شعبوں میں ایران اور چین کے تعلقات میں توسیع نیز نئے اور چھوٹے بجلی گھروں کی تعمیر اور بجلی کی پیداوار کے مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ شو جادا نے علی اکبر صالحی کے ساتھ ملاقات میں، ایران اور گروپ پانج جمع ایک کے ممالک کے توسط سے جامع ایکشن پلان کی منظوری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی منظوری سے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ممالک کے درمیان تعاون کے لئے حالات مزید سازگار ہوں گے- واضح رہے کہ ایران کی جوہری توانائی کے ادارے کےسربراہ علی اکبر صالحی بدھ کی صبح ایک اعلی رتبہ وفد کے ہمراہ چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے ہیں- علی اکبر صالحی بیجنگ کے تین روزہ دورے میں چین کے ایٹمی مراکز کا دورہ کرنے کے علاوہ ایٹمی شعبے میں چین کے اعلی حکام کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے-az26082015