ایران: علاقے کے مظلوم ملکوں کی حمایت جاری رکھنے پر تاکید
Aug ۳۰, ۲۰۱۵ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
ایران کے وزیردفاع نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، علاقے کے مظلوم ملکوں اور مزاحمت و استقامت کے محور و مرکز کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے اتوارکو تہران میں مسلح افواج کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مظلوم ممالک کی حمایت سے دہشت گردی کے خلاف سرگرمیاں جاری رکھنے کی زمین ہموار ہوتی ہے اور ایران، مزاحمت و استقامت اور ظلم و نا انصافی کے شکار ممالک کی حمایت بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا-بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے کہا کہ ملت ایران، عالمی سطح پرایسے مقام پر پہنچ چکی ہے کہ جہاں بڑی طاقتیں اس کے سامنے گھٹنے ٹیک کر مذاکرات کی میز پر آگئیں اور ایران کے عوام کے حقوق کو تسلیم کرلیا-
وزیردفاع حسین دہقان نے ایران کے خلاف امریکہ اورسعودی عرب کی تیل کی سازش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران نے تمام پابندیوں کو مواقع میں تبدیل کر لیا ہے اور وہ کبھی بھی ملت ایران کو عزت و خود مختاری کے راستے سے دور نہیں کرسکتے-
ایران کے وزیر دفاع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی مقامی ٹیکنالوجی اور علم، ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے، تاکید کی کہ ایٹمی سمجھوتہ، ملت ایران کی استقامت و پائیداری کا نتیجہ تھا- بریگیڈیئرجنرل حسین دہقان نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ، کرائے کے دہشت گردوں کی حمایت، ٹریننگ اور تشہیر کے دریعے، اسلامی ممالک پر مسلط ہونے اور انھیں ذلیل و رسوا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں-