اسلامی ملکوں کے تعاون سے علاقے کے مسائل کے حل پر زور
Aug ۳۱, ۲۰۱۵ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ علاقے کی مشکلات و مسائل کے حل کے لئے اسلامی ملکوں کے تعاون کی ضرورت ہے
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے تیونس ایئر پورٹ پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں، علاقے میں عدم استحکام اور انتہا پسندی جیسے مسائل پر روشنی ڈالی- انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لئے لیبیا، شام، عراق اور یمن جیسے ملکوں کے بارے میں، اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تعاون اورتبادلہ خیال کی ضرورت ہے-ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تیونس، عالم اسلام میں عوامی بیداری کا ایک کامیاب نمونہ ہے- انہوں نے امید ظاہرکی کہ ایران اور تیونس کے مشترکہ موقف کے پیش نظر تیونس کے حکام کے ساتھ وہ تعمیری اور مفید مذاکرات انجام دیں گے-
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران اورتیونس کے درمیان سیاسی، اقتصادی اورثقافتی تعاون کے شبعے میں اچھی گنجائش پائی جاتی ہے اورتیونس کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقات میں وہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور استحکام کے بارے میں بات چیت کریں گے-
واضح رہےکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ علاقائی ممالک کے اپنے دورے کے آغاز میں پیر کے روز تہران سے تیونس پہنچے ہیں-
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ویانا میں ایٹمی معاہدہ ہونے کے بعد علاقائی ممالک کا اپنا تیسرا دورہ شروع کردیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف تیونس کے بعد الجزائر کا بھی دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ محمد جواد ظریف اس سے قبل لبنان، شام، پاکستان، ہندوستان، قطر، کویت اور عراق کا دورہ کر چکے ہیں۔