داعش، ایران کی سرحدوں کے قریب پہنچنے میں ناکام: جنرل پوردستان
Sep ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈرنے کہا ہے کہ بری فوج کی آمادگی کے باعث داعش دہشت گرد گروہ کی ایرانی سرحدوں سے نزدیک ہونے کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں
ایران کی بری فوج کے کمانڈر احمد رضا پوردستان نے بدھ کو تہران میں بری فوج کے سینئر کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، علاقے میں دہشت گرد اور تکفیری گروہوں کی حمایت کرتا ہے- جنرل احمد رضا پوردستان نے کہا کہ امریکہ علاقے میں فوجی جنگ میں اب تک ناکام رہا ہے اور اس نے مجبور ہو کر اپنی اسٹریٹیجی تبدیل کر دی ہے-
جنرل احمد رضا پوردستان نے کہا کہ علاقے میں امریکہ کی نئی اسٹریٹیجی، فرقہ وارانہ جنگ چھیڑنا ہے اور اسی کے تحت اس نے دہشت گرد اورتکفیری گروہوں کو جنم دیا ہے اور وہ ان کی حمایت کرتا ہے-
جنرل احمد رضا پوردستان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی مسلح افواج دہشت گرد گروہوں کے تمام اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہے، کہا کہ علاقے میں داعش کے فوجی خطروں اور اقدامات کا مقصد، اسلام کی شبیہ بگاڑ کر پیش کرنا ہے-
ایران کی بری فوج کے کمانڈرنے ایران کے ساتھ امریکہ کی دشمنی کا سلسلہ جاری رہنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کے ساتھ امریکہ کی دشمنی کی جڑیں گہری ہیں کیونکہ غاصب اسرائیلی حکومت امریکہ کی ریڈ لائن ہے اور ایران، بچوں کی قاتل اسرائیلی حکومت کا مخالف ہے-