تہران: آسٹریا کے صدرکا سرکاری استقبال
Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۲:۱۶ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تہران کے تاریخی - ثقافتی سعد آباد کمپلیکس میں آسٹریا کے صدر کا استقبال کیا ہے
موصولہ رپورٹ کے مطابق آسٹریا کے صدر ہاینس فیشر کے سرکاری استقبال کے موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانوں کی دھن بجائی گئی اور اس کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران اورآسٹریا کے صدور نے ایک دوسرے کو اعلی سطحی وفود سے متعارف کرایا- سرکاری استقبال کی تقریب کے فورا بعد، اسلامی جمہوریہ ایران اورآسٹریا کے صدور نے مذاکرات کا آغازکردیا- صدرمملکت حسن روحانی کی دعوت پرآسٹریا کے صدرایک اعلی سطحی سیاسی ، اقتصادی، ثقافتی اورعلمی و سائنسی وفد کے ہمراہ تہران کے دورے پرآئے ہیں-
ان کے اس دورے کا مقصد باہمی تعلقات کوزیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے- آسٹریا کے صدر، ایران کے صدرسے مذاکرات کے بعد تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی، پارلیمنٹ کے اسپیکرڈاکٹرعلی لاریجانی ،وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اورایران کے بعض دوسرے اعلی حکام سے ملاقات کریں گے-
سیاسی ماہرین، آسٹریا کے صدر کے دورہ تہران کو تمام میدانوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے باب کے آغازاوریورپی ممالک کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلقات کے نئے دور سے تعبیر کر رہے ہیں-