غزہ کی موجودہ صورت حال نسل کشی کی ایک اور شکل ہے : حماس
تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ شدید بارشوں اور سردی سے غزہ پٹی میں پناہ گزینوں کی صورت حال مزید سنگين ہو گئی ہے جب کہ بنیادی پناہ گاہوں کی سہولیات کے فقدان نے ہزاروں بچوں، خواتین اور مریضوں کی زندگیوں کو انتہائی مشکل حالات سے دوچار کر دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ غزہ پٹی کو بارش اور سرد ہوا کی وجہ سے بدترین تباہی کا سامنا ہے اور بارش سے پناہ گزینوں کے خیموں میں پانی بھر گیا ہے اور غزہ کے ہزاروں بے سہارا افراد جن میں بچے، خواتین اور مریض شامل ہیں مشکل اور غیر انسانی حالات میں پھنس کر رہ گئے ہیں ۔

حماس کے ترجمان نے موجودہ صورت حال کو مسلسل محاصرے، تعمیر نو کی روک تھام، بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی اور سخت موسمی حالات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ عمل غزہ کے عوام کے خلاف نسل کشی کی ایک اور شکل ہے ۔

ادھرفلسطین میں اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کے ترجمان کاظم ابو خلف نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برسوں میں غزہ میں چھ لاکھ ستر ہزار سے زائد طلبا تعلیم سے محروم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں ستانوے فیصد اسکول مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok