استبداد اور استعمار قوموں کے مصائب و آلام کا سبب ہیں- ہاشمی رفسنجانی
Sep ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ نے استبداد اور استعمار کو بیشتر ملکوں کے مسائل و مشکلات کا اصلی سبب قرار دیا ہے-
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے شیراز یونیورسٹی کے طلباء کے اجتماع میں کہا کہ استبداد اور استعمار ایسی دو مصیبتیں ہیں جو قوموں کی ترقی و پیشرفت میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں-آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے کہا کہ آج کے معاشرے میں عوام کی بیداری و آگاہی کے سبب، استبداد اور استعمار کو فروغ حاصل نہیں ہو سکتا اور اب وہ زوال کی سمت بڑھ رہی ہیں اور ایک عرصے سے موروثی اور فوجی حکومتوں کی بساط یا تو لپیٹی جا چکی ہے یا لپیٹی جا رہی ہے- انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام چاہے شہروں میں ہوں یا دیہی علاقوں میں، ہوشیار، ذہین اور تعلیم یافتہ ہیں اور خوش قسمتی سے باصلاحیت نوجوانوں کے وجود اور جوان لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم اور آگاہی کی سطح کے لحاظ سے ملک کے حالات بخوبی تبدیل ہوئے ہیں اور ایک اچھا مستقبل ایرانی قوم کے انتظار میں ہے-
آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے اس امر پر تاکید کرتے ہوئے کہ ابتدائے اسلام سے لے کر اب تک عوامی طاقت پر بھروسہ ہمیشہ کامیابی سے ہمکنار رہا ہے، کہا کہ پوری تاریخ میں عوام کے ساتھ رہنے کا نتیجہ کامیابی کے سوا کچھ اور نہیں نکلا ہے-