خلیج فارس تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کے بیان پر ایران کاردعمل
Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران نے، سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ خلیج فارس تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اختتامی بیان میں ایران سے متعلق دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا ہے کہ یہ جائےتعجب ہے کہ ایٹمی مذاکرات کے اختتام کے بعد جنوبی ایران کے صرف دو تین پڑوسی ملک مختلف بہانوں سے اپنی برہمی کا اظہار کر رہے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کو خطرہ ظاہر کرنے کی شکست خوردہ پالیسیوں کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے ایران کے خلاف خلیج فارس تعاون کونسل کے حالیہ بیان اور ایران پر لگائے گئے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل کے بعض اراکین ایٹمی مذاکرات کے دوران بھی، مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
مرضیہ افخم نے کہا کہ اب یہ ممالک ایران کے تعمیری اور منطقی رویے پر نالاں ہیں اور یہ خیال کر رہے ہیں وہ دوبارہ ان الزامات کی تکرار کے ذریعے، پڑوسی ملکوں اور علاقے کے مسلم ممالک کے ساتھ، ایران کے تعمیری تعاون کے عزم کو متزلزل کردیں گے۔
ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ تین ایرانی جزیروں کے بارے میں پڑوسی ملکوں کی جانب سے دعووں کی تکرار کے باعث، ان جزیروں پر قائم اسلامی جمہوریہ ایران کی حاکمیت اور اس کے تاریخی حقائق میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوسکتی۔
مرضیہ افخم نے علاقے میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے فروغ اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، خلیح فارس تعاون کونسل کے ممالک سے کہا ہے کہ وہ اپنی غیر تعمیری پالیسیوں پر مصر رہنے،علاقے میں کشیدگی کو بڑھاوا دینے اور بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے، ماضی کے بے نتیجہ رویوں میں تبدیلی لانے کی فکر کریں اور معاملات کو مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔