Mar ۰۷, ۲۰۲۶ ۱۱:۵۱ Asia/Tehran
  • سرنڈر کی خواہش قبر میں لے جائيں گے دشمن

 صدرمملکت ڈاکٹرپزشکیان نے قومی ٹی وی پرایرانی قوم اورعلاقے کے ممالک کے عوام سے ٹی وی خطاب کیا ہے

سحرنیوز/ایران:  ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں تمام اختلافات، خدشات اور ناراضگیوں کو ایک طرف رکھ کر ملک کی سرزمین کے دفاع کے لیے متحد ہونا ضروری ہے تاکہ ایران اس بحران سے سرخرو ہو کر نکل سکے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں رہبرِ انقلاب، متعدد فوجی کمانڈروں، طلبہ اور عام شہریوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دشمن بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز کرتے ہوئے اسپتالوں، طبی مراکز اور دیگر شہری مقامات پر بھی بمباری کر رہا ہے۔ انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ تمام مشکلات کے باوجود ہر رات میدانوں میں موجود رہتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام اختلافات بھلا کر وطن کی سرزمین کا دفاع کیا جائے تاکہ ایران کو اس مشکل صورتحال سے عزت اور وقار کے ساتھ نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق، آزادی اور انسانیت کے دعویدار اس حملوں میں بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ ہر ایرانی اور ایران میں رہنے والا ہر فرد، چاہے اس کا مذہب یا پس منظر کچھ بھی ہو، ملک کی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے آگے آئے۔
پزشکیان نے کہا کہ ایران کو ہم اس کی تاریخی عظمت اور وقار کے ساتھ دیکھتے ہیں اور عوام کی یہی یکجہتی دشمنوں کو ان کے مقاصد میں ناکام اور مایوس کر دے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلا شرط ہتھیار ڈالنے کا خواب دشمن اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں، کیونکہ ایران بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں پر قائم ہے اور توقع رکھتا ہے کہ دوسرے ممالک بھی انہی اصولوں کی پابندی کریں۔
ایرانی صدر نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ اگر ان حملوں کے دوران پڑوسی ممالک کو بھی نقصان پہنچا ہو تو وہ ایران کی طرف سے اور ذاتی طور پر ان ممالک سے معذرت خواہ ہیں۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس