Sep ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • ایرانی ماہرین نے خود پارچین سائٹ سے ماحولیات کےنمونے حاصل کرلیے
    ایرانی ماہرین نے خود پارچین سائٹ سے ماحولیات کےنمونے حاصل کرلیے

اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی ماہرین نے پارچین سائٹ کے بعض مخصوص حصوں سے ماحولیاتی نمونے حاصل کیے ہیں- اس موقع پر آئی اے ای اے کے معائنہ کارموجود نہیں تھے-

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروزکمال وندی نے پیرکے روزارنا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے پارچین سائٹ کے بعض مخصوص حصوں سے متعدد ماحولیاتی نمونے آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی موجودگی کے بغیرصرف ایرانی ماہرین نے حاصل کیے ہیں اوریہ کام متعلقہ اصول و قوانین اورمعیارات کا خیال رکھتے ہوئے انجام دیا گیا ہے اورانھیں آئی اے ای اے کے ماہرین کے حوالے کیا گیا ہے- انھوں نے ایران اورآئی اے ای اے کے دو طرفہ مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ روڈ میپ کے تناظر میں ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے اورایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے درمیان تعاون کو جاری رکھتے ہوئے آئی اے ای اے کے ماہرین نے گزشتہ ہفتے ایران کا دورہ کیا اورباقی ماندہ سوالات اورموضوعات کا جائزہ لینے کے لیے فنی اور قانونی امورسے متعلق متعدد اجلاس منعقد کیے-

 بہروزکمال وندی کے بقول یہ اجلاس تعمیری اوردوطرفہ تعاون پراستوارتھے اورطے پایا ہے کہ آئندہ ہفتوں کے دوران تعاون جاری رہے گا اورروڈ میپ کے مطابق زیادہ سے زیادہ پندرہ اکتوبرتک مکمل ہوجائے گا-

ٹیگس