ایران خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام کا خواہاں ہے: یحیی رحیم صفوی
Sep ۲۲, ۲۰۱۵ ۲۰:۵۱ Asia/Tehran
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی میجر جنرل یحیی رحیم صفوی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام کا خواہاں ہے۔
اسنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی میجر جنرل یحیی رحیم صفوی نے منگل کے دن تہران میں تقریر کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی ڈاکٹرائن کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ایران کے اپنے اصول ہیں جن میں رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان کے مطابق اہم اصول تسلط قبول نہ کرنا ہے۔ میجر جنرل یحیی رحیم صفوی نے موثر دفاعی حکمت عملی کو اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی ڈاکٹرائن کا دوسرا اصول قرار دیا اور کہا کہ ایران پائیدار امن و سلامتی کی برقراری اور خطے کے ممالک کے ساتھ باہمی تعاون اور اتحاد کے لئے کوشاں ہے۔میجر جنرل یحیی رحیم صفوی نے مزید کہا کہ خطے میں ناجائز صیہونی حکومت کے سوا ایران کا کوئی بھی دشمن نہیں ہے۔ میجر جنرل یحیی رحیم صفوی کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ کا خواہاں نہیں ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی میجر جنرل یحیی رحیم صفوی کا مزید کہنا تھا کہ ملت ایران کی ہوشیاری اور استقامت اور رہبر انقلاب اسلامی دانشمندانہ قیادت اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کے عناصر ہیں۔