امریکہ شام کے بحران کے حل کے بارے میں اپنی نیک نیتی ثابت کرے: ایرانی نائب وزیر خارجہ
Sep ۲۳, ۲۰۱۵ ۲۰:۳۵ Asia/Tehran
-
امریکہ شام کے بحران کے حل کے بارے میں اپنی نیک نیتی ثابت کرے: ایرانی نائب وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کو شام کے حقائق کا ادراک کرتے ہوئے اس کے حل کے بارے میں اپنی نیک نیتی ثابت کرنی چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بدھ کے دن ماسکو میں کہا کہ شام کے بحران کے بارے میں امریکہ نے متضاد موقف اختیار کر رکھا ہے اور اس کی کوئی واضح پالیسی نہیں ہے۔حسین امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ اگر واشنگٹن صحیح معنی میں شام کے بحران کے حل کی حمایت کرے اور یہ ثابت کرے کہ وہ واقعی دہشت گردی کے مقابلے میں پر عزم ہے تو اس کا یہ رویہ خطے اور دنیا میں قیام امن کے سلسلے میں ممد و معاون ہوگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور روس شام کے بحران کے آغاز سے ہی دوسرے ممالک کی مداخلت کے بغیر اس بحران کے پرامن حل کے خواہاں رہے ہیں۔ حسین امیر عبداللہیان کا مزید کہنا تھا کہ شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں اس ملک کے عوام کا فیصلہ اور شام کی حکومت اور اس ملک کی جماعتوں کے باہمی مذاکرات کا حتمی نتیجہ کلیدی کردار کا حامل ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران خطے کے تمام مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان ماسکو کے دورے پر ہیں۔