حج میں سعودی حکام کی بدانتظامی کے نتیجے کو مشیت الہی سے تعبیر نہ کیا جائے، ایران
Sep ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۱۸ Asia/Tehran
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی میں سعودی حکام کی بدانتظامی کے نتیجے کو مشیت الہی سے تعبیر نہ کیا جائے-
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے منی کے سانحے کی ذمہ داری قبول نہ کیا جانا، ناقابل قبول ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں سعودی حکام سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ، فوری طور پر لاپتہ حجاج کرام کا پتہ لگانے کے علاوہ، منی کے سانحے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو منتقل کئے جانے میں تعاون کریں گے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ سعودی عرب میں جس طرح سے اندرونی سطح پر منی کے واقعے کے حوالے سے امداد کا کام کیا جا رہا ہے وہ غیر تسلّی بخش ہے اور سعودی حکام کو چاہئے کہ اپنے ملک کی حج انتظامیہ کی کوتاہی پر پردہ ڈالنے کے بجائے انسانی و اسلام فریضے پر عمل کرتے ہوئے متاثرہ حجاج کرام کے ساتھ تعاون کریں-
تازہ رپورٹ کے مطابق منی کے واقعے میں ایک سو چھتّیس ایرانی حجاج کرام جاں بحق اور ایک سو تین دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ تین سو چوّالیس ایرانی حجاج کرام لا پتہ ہیں۔