آل سعود حکومت کی نا اہلی کے باعث اسلامی دنیا ایک عظیم سانحے سے دوچار
Sep ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ آل سعود حکومت کی نا اہلی کے باعث اسلامی دنیا کو ایک عظیم سانحے سے دوچار ہونا پڑا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے اتوار کے دن اراک شہر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سانحہ منی آل سعود حکومت کی نااہلی اور اس کی غلط ترجیحات کے باعث پیش آیا۔علی شمخانی کا مزید کہنا تھا کہ آل سعود حکومت نے حجاج کی سلامتی سے متعلق مسائل پر سنجیدہ توجہ دینے کے بجائے یمن کو اپنی توجہ کا مرکز بنا لیا اور شاہی خاندان میں جاری اقتدار کی رسہ کشی کے باعث نااہل افراد کو اہم عہدوں پر فائز کیا۔
علی شمخانی کا کہنا تھا کہ آل سعود حکومت کے ان اقدامات کی بھاری قیمت عالم اسلام کو چکانا پڑی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ افسوس کہ اسلامی دنیا اور ایران کو دو بہترین دینی عیدوں یعنی عیدالاضحی اور عید غدیر کے درمیانی ایام کے دوران مقدس ترین مقام میں ممکنہ تلخ ترین تاریخی حادثے سے دو چار ہونا پڑا۔
علی شمخانی کا مزید کہنا تھاکہ سعودی عرب کی حکومت نے حج کے انتظامات کی منصوبہ بندی ، حج کے اعمال کی ادائیگی اور بحران پر قابو پانے کے تین مراحل میں انتہائی نا اہلی اور بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
علی شمخانی نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت اپنی غلط اور بے بنیاد باتوں کے ذریعے اس سانحے کے حقائق کو چھپا نہیں سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کے دن منی میں رمی جمرات کے موقع پر بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں سیکڑوں حجاج اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔