شام میں جنگ بندی کے بارے میں حسین امیر عبداللہیان اور دی مستورا کے درمیان مشاورت
Sep ۲۹, ۲۰۱۵ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے شمال مغربی شام میں جنگ بندی کے بارے میں مشاورت کی ہے۔
اسنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے دی مستورا نے پیر کے دن ٹیلی فون پر شام کے امور کے بارے میں آپس میں گفتگو کی۔دی مستورا نے اس گفتگو میں شام کے زبدانی، الفوعہ اور کفریا علاقوں میں جنگ بندی برقرار رکھنے کی ضرورت پر تاکید کی۔ اس ٹیلی فونی گفتگو کے دوران فریقین نے شام کے بحران کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔
شام کے باخبر ذرائع نے جمعرات کے دن ادلب میں واقع الفوعہ اور کفریا دیہاتوں اور لبنان کی سرحد کے قریب واقع زبدانی شہر میں دہشت گردوں کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ کرنے کی تصدیق کی تھی۔