منی کے سانحہ کے حوالے سے انتباہ
Oct ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۲ Asia/Tehran
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں منی کے سانحہ کے حوالے سے جو انتباہ دیا ہے وہ صرف سعودی حکومت تک محدود نہیں ہے بلکہ اس میں آل سعود کے تمام حامی بھی شامل ہیں۔
ایرنا کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے گذشتہ رات ایران کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں سعودی حکام کے حوالے سے رہبر انقلاب اسلامی کی گفتگو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس انتباہ کے چند پہلوہیں ۔پہلی بات یہ ہے کہ انہوں نے اس خطاب میں سعودی حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ وہ اس سانحہ کے حوالے سے اپنی زمہ داریوں پر عمل کرے کیونکہ سعودی حکومت نے بین الاقوامی اور دینی حوالے سے بھی اپنی ذمہ داری پر عمل نہیں کیا ہے ۔ ڈاکٹر ولایتی کا کہنا تھاکہ سعودی حکام نے اس المناک حادثے کے بعد جو اعداد و شمار شمار دئيے ہیں ان میں واضح تضاد ہے جس سے دیگر ملکوں کا ان پر اعتماد ختم ہوگیا۔ ڈاکٹر ولایتی نے اس سانحے کی وجوہات کے سامنے آنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبر انقلاب نے اس حوالے سے صرف سعودی حکام کو خبر دار نہیں کیا ہے بلکہ اس میں سعودی عرب کے تمام حامی بھی شامل ہیں۔ ایران کے سابق وزیر خارجہ نے خبر دار کیا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ جن مغربی ممالک نے خطے بالخصوص عراق شام اور یمن میں بدامنی اور افراتفری کے بیج بوئے ہیں وہ اس بات کی منصوبہ کررہے ہوں کہ سرزمیں وحی پر بھی اس سازش کو عملی جامہ پہنائیں۔