ایران ، منیٰ سانحے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتا
Oct ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران منیٰ سانحے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔
جمعرات کو نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران صرف منیٰ سانحے کو پوری طرح واضح کرنے اور اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے ضروری تدابیر اپنائے جانے کا خواہاں ہے-عباس عراقچی نے سانحہ منیٰ پرعالم اسلام کو تعزیت پیش کی اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منیٰ کے سانحے میں ہزاروں حاجی جاں بحق ہوئے ہیں جن میں چارسو پینسٹھ ایرانی ہیں-
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی کے جواب میں کہا کہ ان کا ملک اس معاملے کی تحقیق کرنے اور اس میں شفافیت لانے کی کوشش کر رہا ہے اور خاطیوں کو ضرور سزا ملے گی-
سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ریاض نے منیٰ کے سانحے سے عبرت حاصل کی ہے اور آئندہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لئے تمام اقدامات انجام دے گا-
نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں فلسطین کی حمایت میں بھی ایک قرار داد منظور کی گئی-