ایران اور جاپان اقتصادی تعاون بڑھانے پر متفق
ایران اور جاپان نے اقتصادی میدان سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
ایران اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے پیر کو تہران میں مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ہم نے تمام اقتصادی شعبوں بالخصوص مشترکہ سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ جاپان کے وزیر خارجہ کے ساتھ مذاکرات بہت کامیاب رہے اور باہمی روابط اور تعاون میں فروغ کے لئے اچھے فیصلے کئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے جوہری شعبے اور ماحولیات میں بھی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انھوں نے ایران اور جاپان کے روابط کے مستقبل کو تابناک بتایا اور کہا کہ جاپان کے ساتھ دہشت گردی ، انتہا پسندی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مہم میں تعاون کے بارے میں بھی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جاپان کے وزیر خارجہ فومیو کیشیدو نے اس مشترکہ پریس کانفرنس میں، پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران اور جاپان کے اقتصادی تعاون میں فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے اقتصادی تعاون کی نگرانی کے لئے ایران اور جاپان کی ایک مشترکہ تعاون کونسل تشکیل دی جائے گی۔ انھوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مذاکرات میں باہمی روابط کے نئے باب کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے، کہا کہ دونوں فریقوں نے ایٹمی سیکورٹی اورسیف گارڈ کے شعبے میں مشترکہ ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہوتے ہی، باہمی تعاون شروع کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔