ایران اور انڈونیشیا کا باہمی تعلقات کے فروغ اور تعاون جاری رکھنے کا اعلان
Oct ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
ایران اور انڈونیشیا نے باہمی تعلقات کے فروغ اور عالمی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مرسودی نے بدھ کی شام تہران میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات اور گفتگو کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے تہران اور جکارتہ کے درمیان تعلقات کے فروغ نیز دہشت گردی اور انتہا پسندی سمیت خطے کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے کہا کہ عالم اسلام کے دو اہم ملکوں کی حثیت سے ایران اور انڈونیشیا کے درمیان نظریات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران اور انڈونیشیا اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنطیم اور آسیان کے پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں۔
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مرسودی نے اس موقع پر کہا کہ تہران اور جکارتہ نے سفارت کاری اور منصوبہ بندی کی تربیت کے حوالے سے مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے گروپ پانچ جمع کے درمیان ہونے والے جوہری اتفاق رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اتفاق رائے پر جلد عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مرسودی ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ بدھ کے روز تہران پہنچی ہیں۔ انڈونیشیا کے صدر کے معاون خصوصی کے علاوہ اس ملک کے وزیر توانائی اور انڈونیشیا کی قومی تیل کمپنی کے سربراہ بھی اس دورے میں وزیرخارجہ رتنو مرسودی کا ساتھ دے رہے ہیں۔