اسلامی جمہوریہ ایران میں ماہ محرم کا آغاز ہوگیا
دنیا کے بیشتر ملکوں کی طرح یہاں اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی ماہ محرم کا آغاز ہوگیا ہے۔
محرم کا چاند نمودار ہوتے ہی پوری دنیا کی طرح یہاں اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا آغازہوگیا ہے-
پورا اسلامی جمہوریہ ایران سیاہ پوش ہوچکا ہے اور جگہ جگہ سیاہ پرچم اور عزاداری کے بینر آویزاں ہوچکے ہیں- کل رات سے ہی ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس سید الشہدا کا سلسلہ شروع ہوگیا- پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت(ع) کے ساتھ مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بھی محسن انسانیت حضرت امام حسین(ع) کی یاد میں مجالس عزا کا اہتمام شروع کردیا ہے-
عراق کے سبھی مقدس شہروں خاص طور پر کربلائے معلی میں عراق اور دنیا کے مختلف ملکوں سے زائرین بڑی تعداد میں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں- اس وقت کربلائے معلی سوگواروں اور عزاداروں سےچھلک رہاہے-
چودہ صدیاں گذرنے کے بعد بھی نہ صرف کربلا کے جانسوز واقعے اور حضرت امام حسین(ع) اور ان کے اصحاب کی قربانیوں کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے بلکہ جیسے جیسے وقت گذر رہا ہے امام عالیمقام کی قربانی اور عاشورہ کا پیغام اور زیادہ زور و شور کے ساتھ آفاقی حیثیت اختیار کرتا جارہا ہے اور امام مظلوم کربلا کی عزاداری کا فلسفہ دنیا والوں پر پہلے سے بھی زیادہ واضح ہوتا جارہاہے-