Oct ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
  • سائنس و ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، صدر حسن روحانی
    سائنس و ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، صدر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک سائنس و ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کو تہران میں نالج بیسڈ معیشت میں سرگرم اقتصادی ماہرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوبھی معاشرہ اپنے صحیح اہداف کی جانب گامزن ہونا چاہتاہے اسے ہر حال میں سائنس و ٹیکنالوجی اور انقلابی فکر کی ضرورت ہوگی -

انہوں نے اس بات پرزوردیتے ہوئے کہ نالج بیسڈمعاشرہ ایک ایسا معاشرہ ہے جس نے سائنسدانوں کے علم و صلاحیت کو اہمیت دی ہے اور سائنس کی حمایت سے آگے بڑھا ہے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا میں جہاں کہیں بھی سائنس اور ٹیکنالوجی ہوگی اس کو حاصل کرنا چاہے گا -

صدر حسن روحانی نے اس بات کاذکرکرتے ہوئے کہ سائنس وٹیکنالوجی کا استعمال قومی سلامتی اور سفارتی و تقدیر ساز مذاکرات کے دوران اہم کردار ادا کرتاہےکہا کہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم نے اپنی سائنسی معلومات اور قابلیت کی بدولت ہی دنیا کی چھے بڑی طاقتوں سے کامیاب مذاکرات انجام دئے - ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے ایران سلامتی کونسل کی ساتویں شق سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا -

صدر ڈاکٹرروحانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سترسالہ تاریخ میں ایسا پہلی بارہے کہ ایران مخالف سلامتی کونسل کی ساتویں شق سے متعلق چھے قراردادوں کوبغیر اس کے ان پر عمل ہوا ہو منسوخ کیا گیا ہے -

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے سبھی ملکوں کے ساتھ سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور میں علاقے میں برآمدات کی شرح میں اضافے میں مقابلہ تیز ہوجائے گا اور ایران نے دنیا کے مختلف ملکوں سے جدید ٹیکنالوجی درآمد کرنے کے لئے خاص پروگرام تیار کیاہے -

ٹیگس