افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں فروغ ایران کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے: صدر مملکت
Nov ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
صدر مملکت نے افریقی ملکوں کے ساتھ روابط کے فروغ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں میں قرار دیا ہے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کو جنوبی افریقا کے نائب صدر سیریئل راما فوزا سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور جنوبی افریقا کے درمیان روابط کے فروغ کی کافی گنجائش پائی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقا اور اس خطے کے عوام کی ایرانی قوم کی نگاہ میں کافی اہمیت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران نے جنوبی افریقا کے عوام کی تحریک آزادی کی حمایت میں ٹھوس اور شفاف موقف اختیار کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے جنوبی افریقا کو ہمیشہ اپنا ساتھی اور دوست سمجھا ہے اور اس ملک کے عوام کی انقلابی امنگوں اور جذبہ آزادی کی حمایت کی ہے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس ملاقات میں دہشت گردی کو ایک عالمی مسئلہ قرار دیا اور اس کے مقابلے میں ایران اور جنوبی افریقا کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف سنجیدگی کے ساتھ جدوجہد کا قائل ہے اور اس کا نظریہ ہے کہ اس مہم میں سبھی کو شریک ہونا چاہئے۔
جنوبی افریقا کے نائب صدر نے بھی اس ملاقات میں تہران اور پریٹوریا کے دوستانہ روابط کا ذکر کرتے ہوئے، اپارتھائیڈ کے خلاف جنوبی افریقا کے عوام کی جدوجہد میں ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا جنوبی افریقا کی قوم، نسل پرستی کے خلاف جنگ کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت اور مدد کو فراموش نہیں کر سکتی ۔