پی ایم ڈی پر بحث ختم کرنے کا اختیار صرف آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کو ہے : رضا نجفی
آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی پر بحث ختم کرنے کا اختیار صرف آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کو حاصل ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی، آئی اے ای اے، میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے ویانا میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے اختتام پر ہمارے نمائندے سے بات چیت کے دوران کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق پی ایم ڈی پر بحث ختم کرنے کا اختیار صرف ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کو حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی کا معاملہ کب ختم ہو یہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔ رضا نجفی نے کہا کہ پی ایم ڈی یا ماضی اور حال کے مسائل پیچیدہ ہیں اور بعض مسائل تو برسوں پرانے ہیں اس لئے ان کو پوری طرح واضح کرنا تقریبا" نا ممکن ہے، خاص طور سے اس لئے کہ ان میں سے بہت سے مسائل صرف دعوے کی حد تک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے تمام دعووں کا مناسب جواب د ے دیا ہے۔
آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے نے کہا کہ پی ایم ڈی پر بحث ختم کرنے کے لئے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے فیصلے کی ضرورت ہے جیسا کہ فروری دو ہزار چھے میں ایران کا ایٹمی معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھیجا گیا تو آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کا کوئی کردار نہیں تھا اور بورڈ آف گورنرز نے سلامتی کونسل کو رپورٹ پیش کرنے کا ان کو حکم دیا تھا۔
انہوں نے پی ایم ڈی پر بحث ختم کرنے کے مقصد سے بورڈ آف گورنرز میں قرارداد پیش کرنے کے پانچ جمع ایک گروپ کے ممالک کے وعدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ یہ ممالک اپنے وعدے پر عمل کریں گے کیونکہ اگر عمل نہیں کیا تو گویا مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل کے لئے وہ ضروری عزم و ارادہ نہیں رکھتے، ایسی صورت میں ایران بھی اپنے وعدے پر عمل نہیں کرے گا۔