علاقے کی سیکورٹی ایران کی فعال موجود گی کے بغیر ممکن نہیں: ہنگری کے وزیراعظم
ہنگری کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ علاقے کی سیکورٹی ایران کی فعال موجود گی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہنگری کے وزیراعظم وکٹراوربان نے ایران اور ہنگری کے درمیان آٹھ معاہدوں پر دستخط اور تہران میں ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ہنگری، ایران کے ساتھ تعاون اور تعلقات کے قیام کا خواہش مند ہے۔ وکٹر اوربان نے کہا کہ ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری کے ساتھ ان کی مفید بات چیت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعاون میں نئے تعلقات کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے ہنگری میں تعلیم حاصل کرنے والے ایک ہزار ایک سو پندرہ سے زیادہ ایرانی طلبا کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ یہ طلبا مستقبل میں اسلامی جمہوریہ ایران اور ہنگری کے درمیان تعلقات کی تقویت کا باعث بنیں گے۔
ہنگری کے وزیراعظم وکٹراوربان ایران کے اعلی حکام سے ملاقات کے لئے پیر کے روز تہران پہنچے ہیں۔ ان کے ساتھ ایک اعلی سطحی وفد بھی تہران آیا ہے۔
ایران اور ہنگری کے اعلی سطحی وفود کے اجلاس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان آٹھ معاہدوں پر دستخط ہوئے ۔