Dec ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس
    ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس

ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مشترکہ کمیشن کا دوسرا اجلاس ویانا میں شروع ہوگیا ہے۔

اجلاس میں سینیئر ایٹمی مذاکرات کاراور جامع مشترکہ ایکشن پلان پر علمدرآمد کرنے والی ایرانی کمیٹی کے سربراہ سید عباس عراقچی ایرانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مشترکہ کمیشن کا پہلا اجلاس انیس اکتوبر کو ویانا میں منعقد ہوا تھا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ حمید بعیدی نژاد نے بتایا ہے کہ پیر کے روز ہونے والے اجلاس میں ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں فوجی مقاصد کی جانب ممکنہ انحراف یا پی ایم ڈی کے بارے میں پانچ جمع ایک گروپ کی قرار داد کے مسودے پر غور کیا جارہا ہے۔

قابل ذکرہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹرجنرل یوکیا آمانو نے بدھ دو دسمبر کو پی ایم ڈی کے حوالے سے اپنی رپورٹ بورڈ آف گورنرز کو پیش کی تھی۔اس رپورٹ میں ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں فوجی مقاصد کی جانب انحراف نہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

جامع مشترکہ ایکشن پلان کے تحت پانچ جمع ایک گروپ کے رکن ممالک، آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کے ایٹمی کیس کو بند کرنے کے لیے ایک قرارداد پیش کرنے کے پابند ہیں ۔ یہ قرارداد، پندرہ دسمبر کو آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں منظوری کی غرض سے پیش کی جائے گی۔

ٹیگس