Dec ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردی اور انتہاپسندی علاقے کے لئے سب سے بڑا خطرہ: ایرانی وزیر خارجہ
    دہشت گردی اور انتہاپسندی علاقے کے لئے سب سے بڑا خطرہ: ایرانی وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی اس وقت علاقے کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کی شام اسلام آباد پہنچنے پر نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی علاقے کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے- انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں وہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مقابلے کی ضرورت پر زور دیں گے-

وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان کے ساتھ مختلف میدانوں میں دوطرفہ سطح پر اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے قالب میں بھی تعاون کررہا ہے- انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر صلاح و مشورے کا بہترین موقع ہے کہا کہ اس کانفرنس کے موقع پر وہ مختلف ملکوں کے حکام اور وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے جس میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت ہوگی-

وزیرخارجہ جواد ظریف نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد پاکستان کے مشیرخارجہ سرتاج عزیر اور تاجیکستان کے وزیرخارجہ سراج الدین اصل اف سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی- وہ اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف اور چین، ہندوستان اور دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے-

ٹیگس